اس بارے میں بنیادی رہنمائی کہ سپراینوئیشن کیا ہے, یہ کیسے جمع کی جاۓ اور سپر اینوئیشن کو بڑھانے کے لیے آپ کیا کر سکتے ہیں۔
اس صفحے پر:
- سپراینوئیشن کیا ہے؟
- میں سپر کیسے جمع کروں؟
- پیسے کس طرح میری سپر میں ادا کیے جاتے ہیں؟
- اگر میرا آجر درست سپر نہ ادا کر رہا ہو تو؟
- کیا مجھے ان اشتہاربازوں سے خبردار رہنا چاہیے جو سپر کے پیسے جلد نکلوانے کی پیشکش کرتے ہیں؟
- میں سپر فنڈ کیسے چنوں؟
- میں اپنی سپر میں جمع ہونے والی رقم کا علم کیسے رکھوں؟
- میں اپنی سپر میں اضافہ کیسے کروں؟
- میں اپنی سپر سے رقم کیسے لے سکتا ہوں؟
- مزید معلومات
سپراینوئیشن کیا ہے؟
سپراینوئیشن یا 'سپر' وہ رقم ہے جو آپکا آجر آپکے برسر روزگار ہونے کے تمام عرصے میں الگ جمع کرواتا ہے تاکہ کام سے ریٹائر ہونے کے بعد آپ اس رقم پر گزارا کریں۔
سپر آپ کے لیے اہم ہے کیونکہ آپ جتنی زیادہ سپر جمع کریں گے، آپکو ریٹائرمنٹ میں اتنے ہی زیادہ پیسے حاصل ہوں گے۔
آپ صرف بعض حالات میں اپنی سپر میں سے پیسے نکال سکتے ہیں - مثال کے طور پر جب آپ ریٹائر ہوں یا 65 سال کے ہو جائیں۔
میں سپر کیسے جمع کروں؟
اکثر لوگوں کے سلسلے میں ان کا آجر ان کے لیے ایک سپر اکاؤنٹ میں یہ رقم یعنی 'کنٹری بیوشن' جمع کرواتا ہے۔ اسے 'سپر گارنٹی' کہا جاتا ہے. آجر آپ کی تنخواہ اور اجرت کے علاوہ یہ زائد رقم یعنی کنٹری بیوشن ادا کرتا ہے۔ اس بارے میں قوانین موجود ہیں کہ آپ کے آجر کو کتنی سپر ادا کرنا ہوگی۔
1 جولائی 2022 سے آپ کا آجر اس سے قطع نظر آپ کی سپر میں رقم ادا کرنے کا پابند ہو سکتا ہے کہ آپ کی ماہانہ تنخواہ کیا ہے۔ اگر آپ کی عمر 18 سال سے کم ہے تو اہل ہونے کے لیے ضروری ہے کہ آپ ہفتے میں 30 گھنٹوں سے زیادہ کام کرتے ہوں۔
آپ کی اہلیت اس بنیاد پر طے ہوتی ہے کہ آپ کو تنخواہ اور اجرت کب ادا کی جاتی ہے، نہ کہ اس پر کہ آمدنی کب کمائی گئی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اگر آپ کو ادائیگی 1 جولائی 2022 کو یا اس کے بعد ہوئی ہے تو آپ کے لیے سپر ادا کی جائے گی، قطع نظر اس کے کہ آپ نے کتنی آمدن کمائی ہے۔ یہ اصول تب بھی لاگو ہوتا ہے جب تنخواہ کا کچھ عرصہ 1 جولائی 2022 سے پہلے کا ہو۔
1 جولائی 2022 سے پہلے تک آپ کو سپر ملنے کے لیے ضروری تھا کہ ایک کیلنڈری مہینے میں آپ کی آمدن $450 یا اس سے زیادہ (ٹیکس کٹنے سے پہلے) رہی ہو۔
یہ اصول اس سے قطع نظر واجب ہے کہ آيا آپ غیرمستقل اور حسب ضرورت، یا پارٹ ٹائم یا فل ٹائم کام کرتے ہیں اور آیا آپ آسٹریلیا میں عارضی رہائشی ہیں۔ اگر آپ ایسے کانٹریکٹر ہیں جسے بنیادی طور پر محنت کے پیسے ملتے ہیں تو بھی آپ سپر کے اہل ہو سکتے ہیں، چاہے آپ کے پاس آسٹریلین بزنس نمبر (ABN) ہو۔
پیسے کس طرح میری سپر میں ادا کیے جاتے ہیں؟
آپ کا آجر آپ کی عام اوقات کار کی کمائی پر سپر گارنٹی کی حالیہ شرح کے مطابق ایک کم از کم رقم ادا کرنے کا پابند ہے۔ یہ شرح آنے والے سالوں میں بتدریج بڑھائی جائے گی۔
عام اوقات کار کی کمائی وہ رقم ہے جو آپ بالعموم کام کے عام گھنٹوں کے لیے کماتے ہیں، اور اس میں اوور-ایوارڈ ادائیگیاں، بعض بونس، الاؤنس اور کچھ با معاوضہ رخصت شامل ہے۔ اوور ٹائم کے گھنٹوں کے لیے ادائیگی کو بالعموم عام اوقات کار کی کمائی میں شامل نہیں کیا جاتا۔
آپ اپنی سپر جمع کرنے کے لیے خود بھی رقم ڈال سکتے ہیں اور کبھی کبھار آسٹریلین حکومت بھی پیسے ڈالتی ہے۔
اگر میرا آجر درست سپر نہ ادا کر رہا ہو تو؟
اپنے آجر سے بات کریں۔ آجر سے پوچھیں:
- وہ کتنے وقفوں سے آپ کی سپر ادا کر رہا ہے
- کس فنڈ میں ادا کر رہا ہے
- کتنی رقم ادا کر رہا ہے۔
آپ میری سپر کا اندازہ لگائیں وسیلہ استعمال کر کے بھی حساب لگا سکتے ہیں کہ آیا:
- آپ سپر گارنٹی کنٹری بیوشنز کے لیے اہل ہیں
- آپ کا آجر درست رقم ادا کر رہا ہے۔
اپنے سپر فنڈ سے ملنے والی آخری ممبر سٹیٹمنٹ دیکھیں یا فنڈ سے رابطہ کر کے تصدیق کریں کہ آيا آپ کے آجر نے آپ کی سپر ادا کی ہے۔
اگر پھر بھی آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کا آجر وہ سپر ادا نہیں کر رہا جس کا آپ کو حق حاصل ہے تو آپ 13 10 20 پر ہمیں فون کر سکتے ہیں۔
کیا مجھے ان اشتہاربازوں سے خبردار رہنا چاہیے جو سپر کے پیسے جلد نکلوانے کی پیشکش کرتے ہیں؟
ان اشتہاربازوں سے خبردار رہیں جو مختلف ایسے پلان پیش کرتے ہیں کہ آپ ریٹائر ہونے سے پہلے جلد اپنی سپر میں جمع شدہ رقم نکال لیں۔ ایسے پلان پیش کرنے والے اشتہارباز آپ کو بتائیں گے کہ وہ قرض اتارنے، مکان یا گاڑی خریدنے بلکہ چھٹیوں پر جانے جیسی وجوہ کے لیے بھی آپکی سپر میں جمع شدہ رقم نکالنے میں آپکی مدد کر سکتے ہیں۔ یہ سکیمیں غیر قانونی ہیں اور اگر آپ ان میں شریک ہوں تو بھاری سزائیں واجب ہوتی ہیں۔
مثال: فِل جال میں پھنسنے سے بچ گیا
میں کچھ مہینوں سے کار خریدنے کے لیے بچت کر رہا تھا۔ میرے ساتھ کام کرنے والے ایک شخص نے مجھے اپنے دوست کے بارے میں بتایا کہ وہ گاڑی خریدنے کی خاطر میری سپر میں سے کچھ رقم نکلوانے میں میری مدد کر سکتا ہے۔
خوش قسمتی سے، میں نے ATO کی ویب سائیٹ پر جا کر دیکھا اور مچھے پتہ چل گیا کہ یہ غیر قانونی ہے۔ میں جو رقم نکالتا، اس پر مجھے 45٪ ٹیکس دینا پڑتا۔ مجھے جرمانوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا اور اس پر مستزاد، جیل بھی جانا پڑ سکتا تھا - یہ غلطی مجھے بہت مہنگی پڑتی۔
End of exampleیہ معلومات دوسری زبانوں میں بھی دستیاب ہیں۔
میں سپر فنڈ کیسے چنوں؟
زیادہ تر لوگ چن سکتے ہیں کہ کس سپر فنڈ میں ان کے لیے ادائیگیاں کی جائیں۔ اگر آپ اہل ہیں تو، آپ کا آجر آپ کے کام کے آغاز کے دن کے بعد 28 دنوں کے اندر اندر آپ کو ایک سپر اینوئیشن سٹینڈرڈ چوائس فارم دینے کا پابند ہے تاکہ آپ تحریری طور پر اپنا چنا ہوا فنڈ بتا سکیں۔
1 نومبر 2021 سے، اگر آپ کوئی سپر فنڈ نہ چنیں تو شاید آپ کے آجر کو فنڈ کے چناؤ کے اصولوں کی تعمیل کے لیے ایک اضافی قدم اٹھانا پڑے۔ اگر آپ کوئی سپر فنڈ نامزد نہ کریں تو شاید آجر کو ہم سے سٹیپلڈ سپر فنڈ کی تفصیلات مانگنی پڑیں۔
سٹیپلڈ سپر فنڈ ایک ایسا موجودہ سپر اکاؤنٹ ہے جو ایک مخصوص ملازم کے ساتھ منسلک یا 'سٹیپلڈ' ہو لہذا اس کے ملازمت بدلنے پر بھی یہ فنڈ اسی کے لیے رہتا ہے۔
اگر آپ کے آجر نے سٹیپلڈ سپر فنڈ کی درخواست کی تو ہم آپ کو بتائیں گے اور آپ کو اس فنڈ کی تفصیلات بھی بتائيں گے جو ہم نے فراہم کی ہوں۔
تمام آجروں کا ایک نامزد سپر فنڈ یا 'ڈیفالٹ فنڈ' ہوتا ہے جس میں وہ اپنے ان ملازموں کے لیے سپر گارنٹی کے تحت رقوم ادا کرتے ہیں جنہوں نے اپنا ترجیحی فنڈ منتخب نہ کیا ہو اور جن کا کوئی سٹیپلڈ سپر فنڈ بھی نہ ہو۔
اگر آپ اپنی ادائیگیاں کسی موجودہ سپر فنڈ میں کروانا چاہتے ہیں لیکن آپ کو اپنے سپر فنڈ اکاؤنٹ کی تفصیلات یاد نہیں ہیں تو آپ myGov پر اپنے تمام سپر اکاؤنٹس دیکھ سکتے ہیں۔
YourSuper comparison toolآپ کو MySuper پراڈکٹس کے موازنے اور اپنی ضروریات کے مطابق سپر فنڈ چننے میں مدد دے گا۔
اپنی سپر کے معاملات سے وابستہ ہونے کے لیے کبھی بھی زیادہ دیر نہیں ہوتی۔ خود اپنا سپر فنڈ چنیں اور جلد وابستہ ہو جائیں کیونکہ آج آپ جو فیصلے کر رہے ہیں، وہ مستقبل میں آپ کے طرز زندگی کے مواقع ڈھالنے میں مدد دیں گے۔
میں اپنی سپر میں جمع ہونے والی رقم کا علم کیسے رکھوں؟
یہ یقینی بنا کر کہ آپ کے سپر فنڈ کے پاس آپ کا ٹیکس فائل نمبر (TFN) ہے، آپ کے لیے اپنی سپر کی رقم پر نظر رکھنا، اکاؤنٹس کے درمیان رقم منتقل کرنا اور اپنے آجر یا حکومت سے سپر کی ادائیگیاں حاصل کرنا آسان ہو جاۓ گا۔
آپ اپنے سپر فنڈ سے ملنے والی سٹیٹمنٹس میں دیکھ سکتے ہیں کہ آیا فنڈ کے پاس آپ کا TFN ہے۔
myGov کو استعمال کر کے اپنی سپر کا علم رکھیں
آپ myGov اکاؤنٹ بنا کر اسے ATO کے ساتھ لنک کر سکتے ہیں تاکہ آپ:
- اپنے تمام سپر اکاؤنٹس کی تفصیلات دیکھ سکیں، ان اکاؤنٹس سمیت جن کا آپکو اب حساب معلوم نہیں یا جنہیں آپ بھول چکے ہیں
- YourSuper comparison tool استعمال کر کے دوسری MySuper پراڈکٹس کے مقابلے میں اپنے سپر اکاؤنٹس کی کارکردگی اور فیسوں کا موازنہ کر سکیں
- ATO کے پاس موجود سپر تلاش کریں۔ اگر حکومت، آپکے سپر فنڈ یا آپکے آجر کو کوئی ایسا اکاؤنٹ نہ ملے جس میں وہ آپکی سپر بھیج سکیں تو ہم آپ کے لیے آپکی سپر رکھیں گے
- کئی سپر اکاؤنٹس کی رقم اپنے ترجیحی سپر اکاؤنٹ میں بھیج کر ایک ہی اکاؤنٹ میں رقم رکھیں - اگر یہ فنڈ سے فنڈ میں ٹرانسفر ہے تو یہ عام طور پر تین کاروباری دنوں کے اندر عمل میں آ جائے گی۔
اگلے مراحل:
- myGov اکاؤنٹ بنائیں یا اکاؤنٹ میں لاگ ان کر کے ATO کے ساتھ لنک کریںExternal Link
- ہماری آن لائن خدمات استعمال کریں
- ATO ایپ کے ذریعے myGov پر جائیں
میں اپنی سپر میں اضافہ کیسے کروں؟
اپنے آجر کی جانب سے ادائیگیوں کے ساتھ ساتھ آپ خود سپر کے لیے ادائیگیاں کر کے اپنی سپر میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ آپ اپنی قبل از ٹیکس آمدنی سے 'تنخواہ کی قربانی' کر کے، یا بعد از ٹیکس آمدنی میں سے سپر میں رقم ڈال سکتے ہیں۔
اس سلسلے میں 'کیپس' کہلائی جانے والی حدود موجود ہیں کہ ہر مالی سال میں آپ اضافی ٹیکس ادا کیے بغیر کتنی رقم اپنی سپر میں ڈال سکتے ہیں۔ اگر آپ ان کیپس سے زیادہ رقم ڈالیں تو آپ کو اضافی ٹیکس ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اگر آپ (آجر کی طرف سے ادائیگیوں کو ملا کر) اپنی سپر میں 27,500$ سے زیادہ رقم ڈالنے کا سوچ رہے ہوں تو کسی مناسب کوالیفیکیشن رکھنے والے پیشہ ور سے مشورہ لیں۔
حکومت کی جانب سے سپر ادائیگیاں
اگر آپ کم آمدنی یا درمیانی آمدنی رکھتے ہیں تو شاید آپ آسٹریلین حکومت کی جانب سے سپر ادائیگیوں کے اہل ہوں۔
اپنا ٹیکس ریٹرن داخل کریں تاکہ ہم چیک کر سکیں کہ آیا آپ حکومت کی طرف سے $500 تک کی سپر کی ادائیگی کے لیے اہل ہیں۔ چاہے آپ کے خیال میں آپ کو ٹیکس کی رقم واپس نہ ملنی ہو، ریٹرن داخل کرنا اہم ہے۔ آپ کو حکومت کی طرف سے سپر کی ادائیگی کے لیے درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہے۔
میں اپنی سپر سے رقم کیسے لے سکتا ہوں؟
بالعموم آپ اپنی سپر سے پیسے تب لے سکتے ہیں جب آپ ریٹائر ہو جائیں۔ تاہم ایسے کچھ حالات ہیں جن میں آپ اپنی سپر کی رقم میں سے جلد پیسے لے سکتے ہیں جیسے شدید مالی مشکلات اور بعض مخصوص طبی کیفیات۔
اگر آپ کو جائز طور پر اپنی جمع شدہ سپر میں سے کچھ رقم جلد لینے کی ضرورت ہو تو درخواست دینے سے پہلے اپنے سپر فنڈ سے پوچھیں کہ کیا آپ پیسے نکال سکتے ہیں۔
وہ عارضی رہائشی افراد جو آسٹریلیا سے جا رہے ہوں
اگر آپ آسٹریلیا میں کام کرنے والے عارضی رہائشی ہیں اور آپ سپر کے لیے اہل ہیں تو آپکے آجر کو سپر گارنٹی کے تحت آپ کے لیے سپر ادا کرنا ہو گی۔ آسٹریلیا چھوڑنے کے بعد آپ کو آپکی سپر کی رقم ادا کی جا سکتی ہے۔ اس ادائیگی کو Departing Australia super payment (DASP) کہا جاتا ہے۔
نیوزی لینڈ کے شہری اور آسٹریلیا کے مستقل رہائشی اس ادائیگی کے لیے اہل نہیں ہیں۔
یہ دیکھنے کے لیے کہ آيا آپ اہل ہیں اور DASP کی آن لائن درخواست دینے یا کاغذ کا درخواست فارم ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے عارضی رہائشی اور سپر پر جائیں۔
بیرون ملک سے سپر کی رقم
اگر آپ بیرون ملک سے اپنی رقم یا پنشن کی رقم آسٹریلیا میں لا رہے ہیں تو آپ کے لیے ٹیکس کے بعض خاص اصولوں کا علم رکھنا ضروری ہو سکتا ہے۔ اپنے مالی صلاح کار یا مائیگریشن ایجنٹ سے بات کریں۔
مزید معلومات
اگر آپ سپر کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں تو ato.gov.au/individuals/super پر جائیں یا 13 10 20 پر ہمیں فون کریں۔
اگر آپ کی انگلش اچھی نہیں اور آپ ٹیکس آفیسر سے بات کرنا چاہتے ہیں تو اپنی کال میں مدد کے لیے 13 14 50 پر ٹرانسلیٹنگ اینڈ انٹرپریٹنگ سروس کو فون کریں۔
A basic guide about what superannuation is, how to save it and what you can do to grow it.