ato logo
Search Suggestion:

دھوکے کا پتہ چلائیں یا رپورٹ کریں

Last updated 16 June 2024

دھوکے کا پتہ چلائیں یا رپورٹ کریں

ATO کے نام سے دھوکے چیک کریں یا ان کی رپورٹ کریں اور فون، ای میل اور SMS پر ٹیکس کے حوالے سے دھوکے کے متعلق کچھ خبردار کرنے والے اشاروں کا علم حاصل کریں۔

اس صفحے پر:

دھوکے کا پتہ چلائیں

سکیمز یعنی دھوکے اس لیے گھڑے جاتے ہیں کہ آپ سے پیسہ یا آپکی ذاتی تفصیلات حاصل کی جائیں۔

سکیمرز یعنی دھوکے باز لوگ اکثر خود کو ATO جیسے معتبر اداروں سے ظاہر کرتے ہیں۔

ہم کبھی کبھار آپ سے فون، ای میل، SMS اور ڈاک کے ذریعے رابطہ کریں گے۔ اگر آپ کو یقین نہ ہو کہ یہ واقعی ہم ہیں تو جواب نہ دیں۔ آپ کو ہمیں 540 008 1800 پر فون کر کے یہ چیک کرنا چاہیے۔

دھوکے کی رپورٹ کریں

اگر آپ ایسے دھوکے سے متاثر ہوۓ ہیں جس میں دھوکے باز نے خود کو ATO ظاہر کیا تھا تو آپ ہمیں رپورٹ کر سکتے ہیں۔

ان معلومات میں یہ ہدایات دی جا رہی ہیں کہ رپورٹ کیسے کی جاتی ہے:

دھوکوں اور دھوکے کی رپورٹ کے طریقوں کے متعلق معلومات آسان تحریر اور دوسری زبانوں میں بھی دستیاب ہیں۔

فون پر دھوکے

اگر آپکو کسی دھوکے باز کی کال آئی تھی اور آپ اسے پیسہ یا حسّاس ذاتی شناختی تفصیلات دے چکے ہیں تو رپورٹ کرنے کے لیے ہمیں 540 008 1800 پر فون کریں۔

آپ کو:

  • اپنی مقامی پولیس میں باقاعدہ رپورٹ بھی درج کروانی چاہیے
  • اگر آپ نے دھوکے باز کو اپنے کریڈٹ کارڈ یا بینک کی تفصیلات دی ہیں تو اپنے بینک یا مالیاتی ادارے سے بھی رابطہ کرنا چاہیے
  • آپ نے جس بینک کو رقم بھیجی تھی، اس سے رابطہ کر کے فراڈ کی رپورٹ بھی کرنی چاہیے۔

اگر آپ کو کسی دھوکے باز کی کال آئی تھی اور آپ نے اسے کوئی رقم یا حسّاس ذاتی شناختی تفصیلات نہیں دیں تو بھی آپ کو ہمیں اس دھوکے کی رپورٹ کرنی چاہیے۔ آپ ہمارا دھوکے کی رپورٹ کریں فارم استعمال کر سکتے ہیں۔

ای میل اور SMS پر دھوکے

اگر آپ کو دھوکے والی ای میل یا SMS ملی ہے تو کسی لنک پر کلک نہ کریں اور نہ ہی اٹیچمنٹس کھولیں یا فائلز ڈاؤن لوڈ کریں۔

اگر آپ نے کسی دھوکے باز کو پیسے یا حسّاس ذاتی شناخت تفصیلات دے دی ہوں تو رپورٹ کرنے کے لیے ہمیں 540 008 1800 پر فون کریں۔

آپ کو:

  • اپنی مقامی پولیس میں باقاعدہ رپورٹ بھی درج کروانی چاہیے
  • اگر آپ نے دھوکے باز کو اپنے کریڈٹ کارڈ یا بینک کی تفصیلات دی ہیں تو اپنے بینک یا مالیاتی ادارے سے بھی رابطہ کرنا چاہیے
  • آپ نے جس بینک کو رقم بھیجی تھی، اس سے رابطہ کر کے فراڈ کی رپورٹ بھی کرنی چاہیے۔

اگر آپ نے کسی دھوکے باز کو پیسے یا حسّاس ذاتی شناختی تفصیلات نہ دی ہوں تو بھی آپ کو ہمیں دھوکے کی رپورٹ کرنی چاہیے۔ آپ یہ کر سکتے ہیں:

  • پوری ای میل کو اس پتے پر آگے بھیج دیں ReportScams@ato.gov.au
  • SMS کا سکرین شاٹ لیں اور یہاں ای میل کریں ReportScams@ato.gov.au

ہمیں رپورٹ کرنے کے بعد ای میل یا ٹیکسٹ میسیج کو ڈیلیٹ کر دیں۔

آپ دوسری قسموں کے دھوکوں کی رپورٹ Scamwatch کو کر سکتے ہیں یا سائبر کرائم کی رپورٹ کے لیے آسٹریلین سائبر سیکیورٹی سنٹر(Australian Cyber Security Centre) سے رابطہ کریں۔

سوشل میڈیا پر دھوکے

ہم نے حال ہی میں کئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس دیکھے ہیں جو خود کو ATO ظاہر کرتے ہیں۔

اگر کوئی سوشل میڈیا اکاؤنٹ خود کو ATO ظاہر کرتے ہوئے آپ سے رابطہ کرے تو اس کے ساتھ واسطہ نہ رکھیں۔ اکاؤنٹ یا پوسٹ کا سکرین شاٹ لیں اور اسے ReportScams@ato.gov.au پر ای میل کر دیں۔

ٹیکس کے حوالے سے دھوکے کے متعلق خبردار کرنے والے اشارے

دھوکے باز مسلسل لوگوں کو ٹھگنے کے نت نئے طریقے تلاش کرتے رہتے ہیں۔

یہ کچھ عام تنبیہی اشارے ہیں جن سے آپ کو پتہ چل سکتا ہے کہ آیا آپ سے رابطہ کسی دھوکے باز نے کیا ہے یا ہم نے کیا ہے:

آپ ان حالیہ دھوکوں کے متعلق بھی معلوم کر سکتے ہیں جو ہمارے علم میں ہیں۔

فون پر دھوکے

فون پر دھوکے کے کچھ عام پہلو نیچے ٹیبل میں دکھائے گئے ہیں۔ ان معلومات کو استعمال کر کے پہچانیں کہ کیا خود کو ATO بتانے والا کالر دھوکے باز ہے۔

فون پر دھوکے کو کیسے پہچانا جائے

دھوکے باز کیا کر سکتے ہیں

ہمارا طریقہ

ممکن ہے دھوکے باز آپکو فوری گرفتاری کی دھمکی دیں۔ وہ آپ کو خوفزدہ کرنے یا گھبراہٹ میں مبتلا کرنے کے لیے ایسا کرتے ہیں تاکہ آپ ٹھیک سے سوچ نہ سکیں۔

ہم آپکو فوری گرفتاری کی دھمکی کبھی نہیں دیں گے۔

ممکن ہے دھوکے باز:

  • فوری ادائیگی کا مطالبہ کریں اور آپ کو اس وقت تک لائن پر رکھیں جب تک آپ ادائیگی نہ کر دیں
  • کہیں کہ اگر آپ نے فون بند کیا تو آپ کی گرفتاری کا وارنٹ جاری ہو جائے گا۔

 

وہ یہ دھمکیاں اس لیے دیتے ہیں کہ آپ کو کال ختم ہونے تک ادائیگی پر مجبور کر دیں۔

ہم آپ سے ادائیگی کر دینے تک لائن پر رہنے کا مطالبہ کبھی نہیں کریں گے۔

ممکن ہے دھوکے باز:

  • آپکے فون پر، بغیر آپکے طلب کیے، پہلے سے ریکارڈ شدہ پیغامات (روبو کالز) بھیجیں۔
  • آپ کے لیے وائس کال پر پیغام چھوڑیں کہ آپ انہیں واپس کال کریں۔

 

ہم آپکے فون پر، بغیر آپکے طلب کیے، پہلے سے ریکارڈ شدہ پیغامات کبھی نہیں بھیجیں گے۔

 

ہمیں صرف اس نمبر پر فون کریں جو آپ نے خود ڈھونڈا ہو۔ فون پر یا وائس میل میں دیے گئے نمبر پر کال نہ کریں۔

دھوکے باز ٹیکنالوجی کے ذریعے کالر آئی ڈی یا کال لاگ میں ATO کے اصل نمبر یا آسٹریلین فون نمبر دکھا سکتے ہیں۔

ATO کی کالز میں فون نمبر نظر نہیں آتا۔ یہ کالز No Caller ID (نامعلوم نمبر سے کال) کے طور پر نظر آئیں گی۔

 

ہمیں صرف اس نمبر پر فون کریں جو آپ نے خود ڈھونڈا ہو۔ کالر آئی ڈی یا اپنے کال لاگ میں نظر آنے والے نمبر پر کال نہ کریں۔

ممکن ہے دھوکے باز کہیں کہ کالا دھن سفید کرنے یا کسی اور مجرمانہ سرگرمی کی وجہ سے آپ کا ٹیکس فائل نمبر (TFN) منسوخ یا معطّل کر دیا گیا ہے۔

 

وہ کہیں گے کہ آپ کو:

  • گرفتاری یا عدالت میں پیش کیے جانے سے بچنے کے لیے رقم ادا کرنی ہو گی یا
  • اپنے TFN کا آئندہ غلط استعمال روکنے کے لیے ایک محفوظ بینک اکاؤنٹ میں رقم بھیجنی ہو گی۔

 

ہم TFN منسوخ نہیں کرتے۔

 

کوئی بھی معلومات دینے سے پہلے ہمیشہ چيک کریں کہ آپ کا واسطہ اصل ادارے سے ہے۔ اگر آپ کو یقین نہ ہو تو فون بند کر دیں۔

 

آپ یہ چیک کرنے کے لیے ہمیں فون کر سکتے ہیں۔ ہمیں صرف اس نمبر پر فون کریں جو آپ نے خود ڈھونڈا ہو۔ فون پر یا وائس میل میں دیے گئے نمبر پر کال نہ کریں۔

ممکن ہے دھوکے باز آپ کو کسی قابل اعتماد مشیر یا آپ کے مستقل ٹیکس ایجنٹ سے بات کرنے کی اجازت نہ دیں۔

 

وہ ایسا اس لیے کرتے ہیں کہ کوئی آپ کو بتا نہ دے یہ دھوکا ہے اور ادائیگی میں رکاوٹ نہ آۓ۔

ہم آپکو آپکے ایجنٹ یا قابل اعتماد مشیر سے اپنے ٹیکس کے معاملات پر بات کرنے سے کبھی نہیں روکیں گے۔

دھوکے باز کانفرنس کال کر کے کسی جعلی ٹیکس پروفیشنل، قانون نافذ کرنے والے افسر یا کسی اور اہلکار کو شامل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

 

وہ کال کو اصلی ظاہر کرنے اور آپ کا خوف بڑھانے کے لیے ایسا کرتے ہیں لیکن ان کا شامل کیا ہوا شخص بھی ان کا ساتھی ٹھگ ہی ہو گا۔

ہم آپکے ٹیکس ایجنٹ یا قانون نافذ کرنے والوں جیسے کسی تیسرے فریق کو کانفرنس کال کبھی نہیں کریں گے۔

 

اپنے ٹیکس کے معاملات کا علم رکھیں- آپ myGov کے ذریعے کسی بھی وقت ATO آن لائن سروسز میں لاگ ان کر کے اپنے ٹیکس کے معاملات دیکھ سکتے ہیں۔ آپ اپنے ٹیکس ایجنٹ یا ATO سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

iTunes، Google Play، STEAM یا کسی اور واؤچر کے ذریعے واجب الادا رقم بھرنے کو کہ سکتے ہیں۔

 

یہ واؤچر آسانی سے دنیا بھر میں خریدے اور بیچے جا سکتے ہیں۔ یہ ایسی کرنسی (پیسہ) ہیں جس کا سراغ نہیں لگایا جا سکتا۔

ہم آپ سے iTunes، Google Play، STEAM یا کسی اور واؤچر کے ذریعے واجب الادا رقم بھرنے کو کبھی نہیں کہیں گے۔

 

آپ ATO کو ادائیگی کرنے کے قانونی طریقے یہاں معلوم کر سکتے ہیں۔

دھوکے باز آپ کو JB hi-fi، Myer، Woolworths یا دوسری دکانوں کے گفٹ کارڈز کے ذریعے ادائیگی کرنے کو کہ سکتے ہیں۔

 

یہ گفٹ کارڈز آسانی سے خریدے جا سکتے ہیں اور یہ ایسی کرنسی (پیسہ) ہیں جس کا سراغ نہیں لگایا جا سکتا۔

ہم آپ سے JB hi-fi، Myer، Woolworths یا دوسری دکانوں کے گفٹ کارڈز کے ذریعے واجب الادا رقم بھرنے کو کبھی نہیں کہیں گے۔

 

آپ ATO کو ادائیگی کرنے کے قانونی طریقے یہاں معلوم کر سکتے ہیں۔

دھوکے باز آپ سے Bitcoin یا کوئی اور کرپٹو کرنسی براہ راست دینے یا اے ٹی ایم میں جمع کروانے کو کہ سکتے ہیں۔

 

اس کرنسی کا سراغ لگانا مشکل ہوتا ہے اور یہ گمنام رہنا ممکن بناتی ہے۔

ہم کرپٹو کرنسی میں ادائیگی قبول نہیں کرتے۔

 

آپ ATO کو ادائیگی کرنے کے قانونی طریقے یہاں معلوم کر سکتے ہیں۔

ممکن ہے دھوکے باز آپ سے کسی ذاتی بینک اکاؤنٹ میں رقم ادا کرنے کو کہیں۔ یہ آسٹریلین بینک اکاؤنٹ ہو سکتا ہے جو دھوکے بازوں نے کھولا ہو۔ پیسہ مختلف اکاؤنٹس میں گھومتا رہتا ہے اور پھر آسٹریلیا سے باہر بھیج دیا جاتا ہے۔

ہم آپ کو واجب الادا ٹیکس صرف ایسے بینک اکاؤنٹ میں بھیجنے کو کہیں گے جو ریزرو بینک آف آسٹریلیا کا اکاؤنٹ ہو۔ آن لائن چیک کریں کہ بینک-سٹیٹ-برانچ (BSB) نمبر ریزرو بینک آف آسٹریلیا کا ہے۔

 

آپ ATO کو ادائیگی کرنے کے قانونی طریقے یہاں معلوم کر سکتے ہیں۔

ممکن ہے دھوکے باز آپ سے کارڈ کے بغیر اے ٹی ایم سے پیسے نکال کر رقم ادا کرنے کو کہیں۔

ہم آپکو واجب الادا ٹیکس کی ادائیگی کے لیے کارڈ کے بغیر اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے کو کبھی نہیں کہیں گے۔

 

آپ ATO کو ادائیگی کرنے کے قانونی طریقے یہاں معلوم کر سکتے ہیں۔

ممکن ہے دھوکے باز آپ سے وائر ٹرانسفر کے ذریعے آسٹریلیا سے باہر (جہاں یہ دھوکے باز ہوں) رقم ادا کرنے کو کہیں۔

ہم آپ سے بذریعہ وائر ٹرانسفر آسٹریلیا سے باہر ادائیگی کرنے کو نہیں کہیں گے۔

 

آپ ATO کو ادائیگی کرنے کے قانونی طریقے یہاں معلوم کر سکتے ہیں۔

ممکن ہے دھوکے باز آپ کو کورئیر سروس سے کیش ڈیلیوری کے ذریعے رقم ادا کرنے کو کہیں یا پہلے سے طے کی ہوئی کسی عوامی جگہ پر ذاتی طور پر رقم دینے کو کہیں۔

ہم آپکو کیش ڈیلیوری کے ذریعے ادائیگی کے لیے کبھی نہیں کہیں گے۔

 

آپ ATO کو ادائیگی کرنے کے قانونی طریقے یہاں معلوم کر سکتے ہیں۔

ممکن ہے دھوکے باز آپ کو کہیں کہ آپ کو اپنا ٹیکس ری فنڈ لینے کے لیے فیس دینی ہو گی۔ بالعموم وہ آپ سے کریڈٹ کارڈ پر فیس ادا کرنے کو کہیں گے اور پھر کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات چرا لیں گے۔

ہم آپکا ری فنڈ دینے کے لیے آپ کو فیس ادا کرنے کو کبھی نہیں کہیں گے۔

 

جب تک آپکو اس شخص پر بھروسا نہ ہو جس سے آپ کا واسطہ پڑا ہے اور جب تک آپکو یقین نہ ہو کہ وہ جائز طور پر یہ تفصیلات طلب کر رہا ہے، اپنی کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات کسی کو نہ دیں۔

اگر آپ مکمل رقم ادا نہ کر سکتے ہوں تو دھوکے باز آپ کو قسطوں میں ادائیگی کے معاہدوں کی پیشکش کر سکتے ہیں۔

 

ایسا اس لیے کیا جاتا ہے کہ زیادہ ادائیگیاں ہوں اور انہیں مجموعی طور پر زیادہ رقم مل جاۓ۔

ادائیگی کا معاہدہ کرنے سے پہلے خود فون نمبر ڈھونڈ کر ہم سے رابطہ کریں یا اپنے ٹیکس ایجنٹ سے رابطہ کریں۔

ای میل اور SMS پر دھوکے

ای میل اور SMS پر دھوکے کے کچھ عام پہلو نیچے ٹیبل میں دکھائے گئے ہیں۔ ان معلومات کو استعمال کر کے دھوکا پہچانیں اور درست قدم اٹھائیں۔

ای میل اور SMS پر دھوکے کو کیسے پہچانا جائے اور کیسے قدم اٹھایا جائے

دھوکے باز کیا کر سکتے ہیں

ہمارا طریقہ

ممکن ہے دھوکے باز آپ کو ری فنڈ دینے کا بتا کر آپ سے جوابی SMS یا ای میل پر اپنی ذاتی شناختی تفصیلات اور مالیاتی ادارے کی تفصیلات فراہم کرنے کو کہیں۔ 

ہم آپ کو SMS یا ای میل پر یہ درخواست تو بھیج سکتے ہیں کہ آپ ہم سے رابطہ کریں لیکن ہم ان طریقوں سے آپکی ذاتی شناختی تفصیلات کبھی نہیں مانگیں گے۔

 

اپنی ذاتی تفصیلات کا تحفظ کریں۔ جب تک آپکو اس شخص پر بھروسا نہ ہو جس سے آپ کا واسطہ پڑا ہے اور جب تک آپکو یقین نہ ہو کہ وہ جائز طور پر یہ تفصیلات طلب کر رہا ہے، اپنا TFN، تاریخ پیدائش یا بینک کی تفصیلات کسی کو نہ دیں۔

کبھی کسی کو اپنے myGov لاگ ان کی تفصیلات نہ دیں، اپنے رجسٹرڈ ٹیکس ایجنٹ کو بھی نہ دیں۔

ممکن ہے دھوکے باز آپ سے SMS یا ای میل میں ایک لنک پر کلک کر کے کسی آن لائن سروس میں لاگ ان کرنے کو کہیں۔

 

دھوکے باز ایسے جعلی لاگ آن پیجز بناتے ہیں جو دیکھنے میں اصلی لگتے ہیں۔ وہ ان سائیٹس کو آپ کی لاگ ان کی تفصیلات (یوزر نیم اور پاس ورڈ) چوری کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

ہم آپکو ایسے لنک کے ساتھ ای میل یا SMS کبھی نہیں بھیجيں گے جو آپکو ہماری آن لائن سروسز میں لاگ ان تک لے جاتا ہو۔

ممکن ہے دھوکے باز آپ سے SMS یا ای میل میں ایک لنک پر کلک کر کے فارم یا اٹیچمنٹ ڈاؤن لوڈ کرنے کو کہیں۔

 

ان کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ آپکے کمپیوٹر پر نقصان دہ سافٹ ویئر انسٹال کر کے آپکا ڈیٹا حاصل کر لیں۔ یا وہ آئندہ غلط استعمال کے لیے آپکی ذاتی شناختی تفصیلات یا مالی تفصیلات اپنے پاس رکھ لیتے ہیں۔

اٹیچمنٹس ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے یا لنکس پر کلک کرتے ہوئے محتاط رہیں، چاہے میسیج آپ کے کسی واقف کی طرف سے دکھائی دیتا ہو۔

سوشل میڈیا پر دھوکے

سوشل میڈیا پر ٹیکس کے حوالے سے دھوکے کے کچھ عام پہلو نیچے ٹیبل میں دکھائے گئے ہیں۔ ان معلومات کو استعمال کر کے دھوکا پہچانیں اور درست قدم اٹھائیں۔

سوشل میڈیا پر دھوکے کو کیسے پہچانا جائے اور کیسے قدم اٹھایا جائے

دھوکے باز کیا کر سکتے ہیں

ہمارا طریقہ

ممکن ہے دھوکے باز جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنائیں اور آپ کو ذاتی شناختی تفصیلات یا رقم دینے کی درخواستیں بھیجیں۔

 

اگر آپ نے ہماری سوشل میڈیا پوسٹس پر کامنٹ کیا ہو تو ممکن ہے دھوکے باز آپ سے رابطہ کر کے مدد پیش کریں اور آپ سے کہیں کہ آپ انہیں ڈائریکٹ میسیج کریں۔

 

ہم ایسے دھوکے شروع ہونے پر فوراً ان کے سدّباب کے لیے مستعدی سے کام کر رہے ہیں۔

ہم FacebookExternal Link ܘ InstagramExternal Link ܘ XExternal Link ܘ LinkedInExternal Link پر ہیں، لیکن ہم آپ سے ذاتی شناختی تفصیلات یا ادائیگی طلب کرنے کے لیے کبھی یہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز استعمال نہیںکریں گے۔

 

آپ ہمارے اصل فیس بک اکاؤنٹ کو اس طرح پہچان سکتے ہیں کہ اس کے پیج پر ہمارے نام (آسٹریلین ٹیکسیشن آفس) کے برابر ایک نیلا تصدیقی ٹک کا نشان ہے۔ ہمارے ٹوئٹر اکاؤنٹ میں ہمارے یوزر نیم (@ato_gov_au) کے برابر ایک گرے ٹک کا نشان ہے۔

 

آپ LinkedIn پر اس طرح ہماری تصدیق کر سکتے ہیں کہ آپ جس اکاؤنٹ کو دیکھ رہے ہیں،

  • اس اکاؤنٹ پر میسیج کے برابر آفیشل ATO لوگو اور ادارے کا نام موجود ہے۔ ہمارے نام سے ذرا سے مختلف ناموں سے ہوشیار رہیں جیسے 'آسٹریلین' ٹیکسیشن آفس کی بجائے 'آسٹریلیا۔۔۔'
  • یہ اکاؤنٹ کثرت سے LinkedIn پر پوسٹس لگاتا رہا ہے اور لمبے عرصے سے پوسٹس لگا رہا ہے
  • یہ اکاؤنٹ آپ کو صرف ‘.gov.au’ پر ختم ہونے والے ای میل پتے ہی فراہم کرتا ہے
  • یہ اکاؤنٹ اپنے میسیجز میں ٹائپنگ یا گرامر کی غلطیاں نہیں رکھتا
  • یہ اکاؤنٹ فالوورز کی کثیر تعداد رکھتا ہے۔

 

ہم WhatsApp پر آپکے ساتھ بات چیت کبھی نہیں کریں گے۔

 

سوشل میڈیا پر اپنے TFN، myGov یا بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات کبھی شیئر نہ کریں۔

آسٹریلین گورنمنٹ، کینبرا، کی اجازت سے 

QC60584